لاہور : ماڈل ٹاون لاہور میں عوامی تحریک کے سیکرٹریٹ میں سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر ڈھونگ رچایا گیا ہے چھے ماہ گزرنے کے باوجود مدارس کی کوئی رجسٹریشن نہیں کی گئی۔
کالعدم تنظیمیں مختلف ناموں سے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایم کیو ایم کے الزامات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے قائد عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ جو پارٹی بھی باہر سے فنڈنگ لے جوڈیشل کمیشن اس کی بلاتفریق تحقیق کر کے ذمہ داروں کے خلاف بھرپور کارروائی کرے۔
طاہر القادری کہتے ہیں سیاسی جماعتوں کو مختلف ممالک سے فنڈنگ آتی ہے۔ ایک بار پھر سانحہ ماڈل ٹاون کے حوالے سے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ شرکت کا اعلان کیا۔