اسلام آباد : قومی اسمبلی کے اجلاس میں لوڈ شیڈنگ اور مطالبات زر منظور ہونے کیخلاف اپوزیشن جماعتیں سراپا احتجاج بن گئیں ، شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید نے وزیر پانی و بجلی کے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو سخت گرمی اور لوڈشیڈنگ کے باعث ہلاک ہونیوالوں کیلئے دعائے مغفرت کی گئی ۔ اپوزیشن ارکان نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور نعرے بازی کی ۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی غیر موجودگی میں مطالبات زر منظور کروائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سرد خانوں میں لاشیں رکھنے کی جگہ کم پڑ گئی ہے لیکن حکومت کو کوئی پرواہ نہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر وزیر پانی و بجلی اتنے ہی مصروف ہیں تو وزارت چھوڑ دیں ۔ شیخ رشید نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ پر پانی و بجلی کے بڑے وزیر خواجہ آصف اور چھوٹے وزیر عابد شیر علی کو مستعفی ہو جانا چاہئے ۔ اجلاس کے دوران جمشید دستی نے سپیکر ڈائس کے سامنے کھڑے ہوکر ایجنڈے کی کاپی پھاڑ دی۔