اسلام آباد (یس ڈیسک) قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں فوجی عدالتوں کے قیام کے لیے اکیسویں آئینی ترمیم کے بل کی شق وار منظوری کا امکان ہے، یہ بل ہفتے کو ایوان میں پیش کیا گیا تھا،قومی اسمبلی کا اجلاس شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوگا۔ اس سے پہلے قومی سیاسی قیادت دہشت گردوں کو جلد سزائیں دینے کے لیے فوجی عدالتوں کے قیام پر متفق ہوچکی ہے، اس مقصد سے اکیسویں آئینی ترمیم کے بل کی شق وار منظوری دی جائے گی، آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل بھی ایوان میں پیش کیا جاچکا ہے، جس کی کثرت رائے سے منظوری کا امکان ہے۔
ہفتے کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر قانون پرویز رشید نے آئینی ترمیم اور آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل پیش کیا تھا۔ آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری کے لیے ایوان میں موجود ارکان کی اکثریت جبکہ آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے ایوان کی کل تعداد کی دوتہائی اکثریت یعنی 228 ارکان کی حمایت درکار ہوگی، قومی اسمبلی سےمنظوری کے بعد بل ایوان بالا یعنی سینیٹ میں بھیجا جائے گا اور وہاں سے منظوری لی جائے گی۔