ملتان : نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کی فٹنس مثالی بنانا چاہتے ہیں، خواہش ہے کہ اس شعبے میں قومی پلیئرز بھی آسٹریلوی کھلاڑیوں کے ہم پلہ ہوجائیں، جونیئرز پر اس حوالے سے خصوصی پلان کے تحت کام ہورہا ہے اگر سب کچھ ٹھیک انداز میں چلتا رہا تو مستقبل میں اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سری لنکا کیخلاف سیریز کے دوران قومی پلیئرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اس دوران بعض غیر یقینی کیچز بھی تھامے گئے جس سے انداز ہوتا ہے کہ پاکستانی پلیئرز اس شعبے میں بہتری کی جانب گامزن ہیں، آئی لینڈرز کیخلاف فتح ٹیم کے یک جان ہوکر کھیلنے کی وجہ سے ممکن ہوئی، امید ہے گرین شرٹس انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی کامیابیاں حاصل کریں گے۔
ایشیا میں مقابلے شیڈول ہونے کی وجہ سے پاکستان کی فتح کے زیادہ امکانات ہیں۔ انھوں نے واضح کیا کہ ملک میں مشکوک بولنگ ایکشن کے حامل کرکٹرز کیخلاف کریک ڈاون کیا جارہا ہے۔
جس کے لیے تمام ریجنل کوچز اور امپائرز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں تاکہ ایسے کھلاڑی ڈومیسٹک کے بڑے ٹورنامنٹ تک رسائی حاصل نہ کرسکیں۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے مگر بڑے کرکٹر سامنے نہیں آرہے ہیں جیسے ماضی میں وسیم اکرم، وقار یونس،انضما م الحق ،سعید انور، عامر سہیل ، محمد یوسف، یونس خان سمیت دیگرتھے ۔