لاہور : اولمپک کوالیفائنگ رائونڈ کے لیے قومی ہاکی ٹریننگ کیمپ کا آغاز ہوگیا، پہلے روز کھلاڑیوں نے بھرپور مشقیں کیں، کوچ کی زیر نگرانی صبح اور شام کے الگ سیشنز میں ٹریننگ کے بعد کینگروز کے میچزکی فوٹیج دکھائی گئی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اولمپک کوالیفائنگ رائونڈ کی تیاریوں کے لیے پاکستانی ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا باقاعدہ آغاز اسلام آباد میں ہوگیا، سلیکشن کمیٹی کی طرف سے منتخب شدہ30کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ شہناز شیخ کی زیر نگرانی 2 مختلف سیشنز میں بھر پور ٹریننگ کی۔
تربیت حاصل کرنے والوں میں عمران بٹ، مظہر عباس، امجد علی، علی حیدر(گول کیپرز)،محمد عمران، محمد عرفان ، سید کاشف شاہ، کاشف علی( فل بیکس)، تصور عباس، فرید احمد، محمد رضوان جونیئر، محمد توثیق ارشد، راشد محمود، زوہیب اشرف، عماد شکیل بٹ ( ہافس) اور فاروڈز محمد وقاص شریف، شفقت رسول، محمد عمر بھٹہ، محمد کاشف علی، محمد دلبر، محمد رضوان سینئر، علی شان، رضوان علی، محمد اظفر یعقوب، محمد بلال قادر، محمد ارسلان قادر، محمد فیصل قادر، نواز اشفاق، اعجاز احمد ومحمد عاطف مشتاق شامل ہیں۔
پہلے سیشن میں کھلاڑیوں کو فزیکل ٹریننگ کرائی گئی جبکہ دوسرے میں پنالٹی کارنراور گول کیپنگ سمیت مختلف شعبوں میں اپنی خامیوں پر قابو پانے کی خوب مشق کی۔ رات کو کھلاڑیوں کی ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ میٹنگ بھی ہوئی جس میں ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے واضح کیا کہ کیمپ میں ڈسپلن پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اس موقع پر پلیئرز کو حال میں ہی آسٹریلیا میں شیڈول 4 ملکی ٹورنامنٹ میں میزبان ٹیم کے میچز کی فوٹیج بھی دکھائی گئی۔ اولمپک کوالیفائنگ رائونڈ میں پاکستان کے پول میں کینگروز بھی شامل ہیں، دنیا کی مضبوط ٹیم کی خوبیوں اور خامیوں کے بارے میں پلیئرز کا ابھی سے جاننا بہت ضروری ہے۔