اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہم ملکی مسائل کے حل کی طرف توجہ دے رہے ہیں جب کہ قومی معاملات میں تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، احسن اقبال، پرویز رشید، خواجہ سعد رفیق،شاہد خاقان عباسی،زاہد حامد،انوشہ رحمان اور راجہ ظفر الحق سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی،اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اس دوران وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو یمن کی صورتحال پر اعتماد میں لیا۔
اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے قومی امور پر اتفاق رائے پالیسی کا حصہ ہے ہم ملکی معاملات میں تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، ہم نیک نیتی سے اپنا کام کرتے ہوئے ملکی مسائل کے حل کی طرف توجہ دے رہے ہیں اور اپنی بہتر صلاحیتیں پاکستان کو عظیم تر بنانے میں صرف کریں گے۔