اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس شروع ہوگیا۔
امریکا کی افغانستان اور جنوبی ایشیا کے لیے نئی پالیسی اور امریکی صدر کے پاکستان پر الزامات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوچکے ہیں۔
امریکی بیانات کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا پہلا اجلاس 24 اگست کو ہوا جس میں پاکستان نے امریکا کے تمام الزامات مسترد کردیئے اور اس معامللے پر دوست ممالک سے رابطوں کا فیصلہ کیا تھا۔
جیونیوز کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج پھر ہورہا ہے جس میں چیرمین جوائنٹس چیف، تینوں مسلح افواج کے سربراہ سمیت اہم وفاقی وزرا اور قومی سلامتی کے مشیر بھی شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں امریکی صدرکی نئی پاک افغان پالیسی پرجوابی حکمت عملی پرغورہوگا جب کہ دوست ملکوں سے رابطوں، سفارتی کوششوں پرحکمت عملی کابھی جائزہ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکی الزامات کے بعد وزیراعظم نے سعودی عرب کا بھی دورہ کیا تھا۔