لاہور (یس ڈیسک) قذافی سٹیڈیم لاہور میں ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری ہے، سپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پوری امید ہے کہ قومی ٹیم بھارت کے خلاف میچ جیت کر میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرے گی۔
مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ 1992 کے ورلڈکپ میں وقار یونس زخمی تھے، لیکن ٹیم نے متحد ہو کر کھیلا اور ٹورنامنٹ جیتا۔ سپن کوچ کے مطابق تربیتی کیمپ میں تمام کھلاڑی بھرپور محنت کر رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعید اجمل پر ثقلین مشتاق نے پوری محنت کی ہے۔ تربیتی کیمپ میں موجود قومی لیگ سپنر یاسر شاہ بھی کرکٹ میگا ایونٹ میں شاندار پرفارمنس دکھانے کے لیے پر عزم ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف زیادہ وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے۔ آئی سی سی کیمپ کے بعد قومی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف دو ون ڈے میچز کھیلنے کے لیے نیوزی لینڈ کے دیس روانہ ہو گی جس کے بعد آسٹریلیا میں ورلڈ کپ میں کڑا امتحان ٹیم کا منتظر ہو گا۔