اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے واضح کیا ہے کہ ملک میں مزید کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔ قومی خزانے کی حفاظت جرم ہے تو یہ جرم کرتے رہیں گے۔
چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ہم کسی کی تذلیل نہیں کرتے، کیا کرپشن کرنے والوں سے قومی خزانے سے متعلق پوچھنا جرم ہے؟ قومی خزانے کے محافظوں سے پوچھتے ہیں کہ رقم کیسے خرچ کی۔
چیئرمین نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیب کسی کو ظہرانے یا عشائیے پر نہیں بلاتی، کسی کی تذلیل نہیں کرتے، سب سے پہلے باعزت طریقے سے چائے کا پوچھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی خزانے کی حفاظت کرنا جرم ہے تو یہ جرم کرتے رہیں گے۔ ملک میں مزید کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔ کرپشن کا خاتمہ ہونے تک عام آدمی کو چین نہیں ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب کی کسی سے دشمنی نہیں، نوٹس قومی ادارے کی جانب سے آپ کی عزت ملحوظ خاطر رکھ کر بھجوایا جاتا ہے۔