اسلام آباد ہائی کورٹ نے سندھ کے سابق صوبائی مشیر نواب علی لغاری کے اغوا کے خلاف درخواست پر وزارت داخلہ، وزارت دفاع اور پولیس کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 24 اپریل تک جواب طلب کرلیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے سابق صوبائی مشیر کی اہلیہ بدرالنساء کی درخواست پر سماعت کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 4 اپریل کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کے روپ میں اغوا کار سواں گارڈن میں واقع گھر آئے اور شوہر سے شناختی کارڈ طلب کیا۔ شناختی کارڈ چیک کرتے ہی نواب علی لغاری کو زبردستی گاڑی میں ڈال کر لے گئے، تھانہ لوئی بھیر میں اطلاع دی، لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ درخواست گزارنے کہا کہ شبہ ہے کہ سیکرٹری داخلہ نے شوہر کو اغوا کررکھا ہے، عدالت آئی جی پولیس کو نواب علی لغاری کی بازیابی کا حکم دے۔