اسلام آباد: وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشے رحمان نے کہا ہے کہ نواز شریف، ان کے بچے اور اسحاق ڈار انصاف کے منتظر ہیں۔
جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انوشے رحمان نے کہا کہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں عدالتی فیصلے کو چیلنج کیا تھا لیکن ان کی درخواست خارج کردی گئی جو قابل افسوس ہے، ہائیکورٹ کے فاضل جج نے کہا کہ تمام اختیارات سپریم کورٹ کے پاس ہیں، کوئی بھی درخواست دائر کرنی ہے تو سپریم کورٹ جائیں۔ وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں نئے قوانین سامنے آ رہے ہیں، ہمیں ابھی چارج شیٹ ہی نہیں ملی اور ٹرائل شروع کردیا گیا، ہمیں بتایا جائے کہ ہم پر کیا الزامات ہیں، کیا کبھی ایسا ہوا کہ نیب کا ریفرنس سپریم کورٹ کے حکم پر دائر ہو، نواز شریف کی حاضری والے دن رینجرز کیسے تعینات ہوئی۔ رینجرز کی موجود گی کا یہاں کیا مطلب تھا، سوشل میڈیا پر مشکوک سرگرمیوں کی ویڈیو جاری ہوئی ہیں، اس ویڈیو نے کئی سوالات پیدا کیے ہیں۔ نواز شریف، ان کے بچے اور اسحاق ڈار انصاف کے منتظر ہیں۔