اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) سینئر تجزیہ کار اور صحافی حامد میر نے کہا ہے کہ خدانخواستہ نوازشریف کو کچھ ہوا تو5 میڈیکل رپورٹس ایف آئی آر ہیں، ان پانچ رپورٹوں کوعمران خان یا دنیا کی کوئی عدالت جھٹلا نہیں سکتی، نوازشریف کی طبیعت بہت خراب رہی، لیکن وزیراعظم کے مشیروں نے ان کو درست حالات سے آگاہ نہیں کیا۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں قائد ن لیگ نوازشریف کی بیماری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی صحت کافی خراب ہے، وزیراعظم کے مشیروں نے ان کو نوازشریف کی بیماری اور سیاسی اثرات سے متعلق درست حالات سے آگاہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت یا نیب نے نوازشریف کی ضمانت کی مخالفت کیوں نہیں کی؟ اس کی جھلکی کرواؤں گا۔میرے پاس نوازشریف کی پانچ میڈیکل رپورٹ موجود ہیں اس میڈیکل بورڈ کو عثمان بزدار نے نامزد کیا تھا۔ان میں ایک رپورٹ کا حوالہ دیتا ہوں،یہ رپورٹ نوازشریف کی اس وقت کی ہے جب وہ اڈیالہ جیل میں تھے،اس وقت ڈاکٹرحامد شریف خان اور ڈاکٹراظہر محمود کیانی ان دونوں نے نوازشریف کا معائنہ کرنے کے بعد کہا تھا کہ ان کی حالت بہت خراب ہے، ڈاکٹرکیانی جو کہ میجر جنرل ریٹائرڈ ہیں۔ان کو فوری طور پرکارڈیالوجی راولپنڈی منتقل کیا جائے، انہوں نے رپورٹ میں نوازشریف کی بیماریوں کے نام بھی لکھے ہیں۔ جب ان کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تو اس وقت ایک میڈیکل رپورٹ میں 12بیماریوں کو ذکر کیا گیا، لیکن جب یہ رپورٹس آتی تھیں تو ان کو دبا دیا جاتا تھا یا پھر شیخ رشید یا کوئی حکومتی وزیرکہتا تھا کہ یہ ڈرامہ کررہے ہیں این آر اومانگ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پر ایک نوازشریف کی بیماری کا پریشربھی آیا اور دوسرا مولانا فضل الرحمان کا مارچ ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر نوازشریف کو کچھ ہوا توپانچ رپورٹوں کوعمران خان یا دنیا کی کوئی عدالت جھٹلا نہیں سکتی، خدانخواستہ اگر کچھ ہوجاتا ہے تو یہ ایف آئی آر بنے گی۔