اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی جان کو مسلم لیگ ن سے خطرہ ہے۔ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو ان کے گھر والوں کے رویوں سے خطرہ ہے۔ ارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ نے
کہا کہ نواز شریف جیل میں زیادہ محفوظ تھے۔ خواجہ آصف، مریم نواز اور شہباز شریف کے درمیان لیڈرشپ کی دوڑ لگی ہوئی ہے۔ان کے بھائی، بیٹے اور بیٹی گارنٹی دینے کوتیارنہیں ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف سے متعلق کابینہ نے متوازن فیصلہ کیا ہے، نواز شریف کی صحت کا خیال رکھنے کے لیے ایک پارلیمانی کمیٹی بننی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام جماعتوں پر مشتمل کمیٹی نواز شریف کی صحت کا خیال رکھے، ان کے گھر والے بانڈ کی رقم دینے کو تیار نہیں جبکہ ن لیگ کے ارکان اسمبلی کہہ رہے ہیں کہ ہماری جائیداد بطور ضمانت رکھ لیں اور میاں صاحب کو جانے دیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے لوگ اپنی مستقبل کی سیاست کے لیے ان لوگوں کی صحت کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ سیاست کے سینے میں دل نہیں ہوتا، ن لیگ اسکی واضح مثال ہے۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نےکہا کہ بہت پہلے کہا تھا کہ نوازشریف اور زرداری کی سیاست اب ختم ہوچکی ہے، ہم نواز شریف کی بیماری پر ن لیگ کی سیاست کی مذمت کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نواز شریف کی صحت کے لیے دعا گو ہے۔ فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ خواجہ آصف نے آج حکومتی لاء آفسر سے متعلق غلط بیانی کی ہے،خواجہ آصف نے جھوٹ بولا انکے خلاف تحریک استحقاق لارہا ہوں۔ آزادی مارچ سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے پلان بی کوبھی اسی طرح ہینڈل کریں گے جیسے پلان اے کو کیا ہے۔ فضل الرحمان صاحب نے شدت پسندی اور معاشرے کی تقسیم کا بیانیہ دیا ہے لیکن امید ہے کہ مولانا فضل الرحمان سبق سیکھیں گے۔