عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما اسکینڈل کیس سے کرپٹ مافیا کو پیغام گیا کہ اب سب کی باری آئے گی، نواز شریف کو علم ہے کہ اُن کے اثاثے آمدنی سے زیادہ ہیں،وہ یہ نہیں کہہ رہے کہ انہیں کیوں نکالا، وہ کہہ ہے ہیں عدالتیں انہیں کیسے بلاسکتی ہیں وہ تو طاقتور ہیں۔کراچی بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ جو یہ کہہ رہے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے اس کا مطلب ہے اس کی کرپشن خطرے میں ہے ،جس معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا وہاں طاقتورکیلئے الگ اورغریب کے لئے الگ قانون ہوتاہے۔انہوں نے کہا کہ پاناما کی جدوجہد پاکستان میں ایک فیصلہ کن موڑ ہے، جب کرپشن کے گاڈ فادر کو ہماری عدالتوں نے گھسیٹا،پاکستان ہمیشہ کیلئے بدل چکاہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کہہ رہاہے مجھے کیوں نکالا،نواز شریف یہ نہیں کہہ رہا اس کے ساتھ ناانصافی ہوئی،نواز شریف کو پتا ہے کہ اس کے اثاثے آمدنی سے زیادہ ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاناما کی جو ساری جدوجہد ہوئی ہے، یہ پاکستان میں ڈیفائننگ مومنٹ ہے،جب کرپشن کے گاڈ فادر کو ہماری عدالتوں نے گھسیٹا۔انہوں نے مزید کہا کہ جب رول آف لا ہوتاہے تو ملک میں حقیقی جمہوریت ہوتی ہے، پاکستان حقیقی جمہوریت کی طرف بڑھ رہا ہے