پاکستان میں بھارتی مداخلت کا سلسلہ بند ہونا چاہیئے ، معاملات ٹھیک کرنا ہوتے تو لندن نہیں آتے پاناما جاتے :وزیر اعظم کی لندن میں میڈیا سے گفتگو
لندن (یس اُردو) لندن پہنچتے ہی وزیر اعظم نے کپتان پر تنقید کے نشتر چلا دیئے ، نام لئے بغیر بولے ایک صاحب ہمیشہ موقع تاڑتے ہیں لیکن کسی کو ترقی کا راستہ نہیں روکنے دیں گے ۔ زرداری سے ملاقات کے سوال کا گول مول جواب دیا ، کوئی اور وزیر اعظم آنے کے سوال پر بولے آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا ۔ وزیر اعظم پاکستان کی برطانوی دارالحکومت آمد ، میڈیا نمائندوں سے کھل کر بات کی ، اپنی آمد کے حوالے سے تمام چہ میگوئیوں کا جواب بھی دے دیا ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ کونسا غیر قانونی کام کیا ہے ۔ نواز شریف نے نام لئے بغیر پی ٹی آئی چیئرمین پر تنقید کی ۔ یہ بھی واضح کر دیا کہ اب کسی کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے ، نواز شریف نے رائے ونڈ دھرنے میں شامل نہ ہونے کے پیپلز پارٹی کے فیصلے کو بھی سراہا ۔ کوئی اور وزیر اعظم آنے کی بات نکلی تو نواز شریف مسکرائے ، پھر بولے آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا ، معاملات ٹھیک کرنا ہوتے تو لندن نہیں آتے پاناما جاتے ۔ بھارتی جاسوس کی گرفتاری کے معاملے پر بولے اب بھارتی مداخلت کا سلسلہ بند ہونا چاہیئے ، دونوں ممالک اچھے ہمسایوں کی طرح آگے بڑھیں ۔