اسلام آباد: فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے گا، اسحاق ڈار و دیگر قانون کے سامنے پیش ہوں اور مقدمات کا سامنا کریں، حسن اور حسین نواز کو واپس لانے کیلئے اقدامات کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا گستاخانہ خاکوں کی کابینہ نے مذمت کی، احتساب کا عمل وزیراعظم اور وزراء سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم ہاؤس کی 88 گاڑیاں نیلامی کیلئےپیش ہوں گی۔ انہوں نے کہا کسی وزیر کا سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج نہیں ہوگا، حکومتی پراپرٹی کو دیکھنے کیلئے 2 کمیٹیاں تشکیل دے دیں، تاریخی عمارتوں کے فلاحی استعمال کا معاملہ شفقت محمود دیکھیں گے، اسد عمر عمومی پراپرٹیز کی جائزہ کمیٹی کو دیکھیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے شاہ محمود قریشی دورے کریں گے، وزیراعظم خود بھی 3 ماہ تک غیر ملکی دورہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا ایون فیلڈ پراپرٹیز پاکستان کی ملکیت ہیں، نچلے درجے کے ملازمین کو نوکری سے نہیں نکالا جائے گا، ٹاسک فورس کا مقصد بیرون ملک سے پاکستان کی رقم واپس لانا ہے۔