اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر ڈاکٹر آصف سعید کرمانی نے حکومت سے مطالبہ کرتےہوئے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو کل بیگم کلثوم صاحبہ کی برسی میں شرکت کی اجازت دی جائے۔ تفصیلات کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی برسی پر سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز ایک بہادر ، بلند حوصلہ، اعلی تعلیم یافتہ اور نیک سیرت خاتون تھیں، انہیں کبھی شکایت کرتے یا اونچی آواز میں بات کرتے نہیں دیکھا، بڑوں کا احترام اور چھوٹوں سے شفقت اُن کی تربیت میں شامل تھا۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے مشرف آمریت کو سب سے پہلے چیلنج کیا،اُنکی پارٹی اور جمہوریت کے لئے نمایاں خدمات ہیں، اللہ تعالی اُن کے درجات بلند کرے ،انہوں نے کہا کہ کل بیگم کلثوم نواز صاحبہ کی پہلی برسی ہے لہذا حکومت سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو بیگم صاحبہ کی برسی میں شرکت کی اجازت دے۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال 11 ستمبر کو سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز لندن کے مقامی ہسپتال میں طویل علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملی تھیں ،جب بیگم کلثوم نواز کا انتقال ہوا ،اس وقت میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم اور کیپٹن(ر)صفدر جیل میں تھے تاہم حکومت نے انہیں بیگم کلثوم نواز کی تدفین میں شرکت کے لئے پہلے 12 گھنٹے بعد ازاں تین دن کے لئے پیرول پر رہا کر دیا تھا ۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ وہ کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے اور قانونی جنگ لڑیں گے۔ میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نواز شریف کو کی جانے والی پیشکش بحیثیت مجموعی ویسی ہی ہے جو انہیں تب دی گئی تھی جب وہ لندن میں تھے۔ یہی پیشکش نواز شریف کو 2018ء کے عام انتخابات سے قبل دی گئی تھی۔ میڈیا رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نواز شریف کا جواب اس وقت بھی وہی تھا اور اب بھی واضح الفاظ میں یہی ہے کہ آپ نے جو میرے ساتھ کیا ہے اسے واپس لے لیں اور میرے خلاف کی گئی کارروائیوں پر سرعام معافی مانگیں۔۔اسی حوالہ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس سابق وزیر اعظم نوازشریف کو پیش کر نے کے علاوہ کچھ نہیں ،مریم نواز کو اپنے والد کی آنکھوں کے سامنے گرفتار کیا گیا ، والد ملاقات بھی نہیں کر سکتیں ، کیا آپ اس طرح کے کسی شخص سے ڈیل کی توقع رکھ سکتے ہیں۔ ایک انٹرویومیں مسلم لیگ (ن )کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس نواز شریف کو پیشکش کرنے کے علاوہ کچھ نہیں، جب بھی کسی مقدمے میں ان کے خلاف فیصلے کا اعلان ہونے والا ہوتا ہے، ڈیل کے حوالے سے گفتگو مختلف فریقین کو پیغام دینے کیلئے جان بوجھ کر پھیلا دی جاتی ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے اصولوں کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں سے ان کی تذلیل کرنے اور بدنام کرنے کا ہر قدم اٹھایا گیا ہے، ان کی صاحب زادی کو ان کی آنکھوں کے سامنے گرفتار کیا گیا، وہ ان سے نہیں مل سکتیں، کیا آپ اس طرح کے کسی شخص سے ڈیل کی توقع کرسکتے ہیں جس نے اتنا کچھ برداشت کیا اور جمہوری مقصد کیلئے جامع تکلیف برداشت کر رہے ہیں۔