صادق آباد: عام انتخابات 2018ء میں نواز شریف اور شہباز شریف نے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی حمایت کا اعلان کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صادق آباد کے رہائشی محمد شریف کے صاحبزادوں کے نام نواز شریف اور شہباز شریف ہیں۔ محمد شریف نے کہا کہ نواز شریف نے جیل جا کر ہمیں دلبرداشتہ کیا جبکہ محمد شریف کے بیٹوں نواز شریف اور شہباز شریف نے عام انتخابات 2018ء میں عمران خان کو سپورٹ کرنے کا اعلان کر دیا۔دونوں بھائیوں کا کہنا تھاکہ 25 جولائی کو عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی کے اُمیدوار کو ہی ووٹ دیں گے۔ صادق آباد کا رہائشی یہ خاندان سابق حکمران خاندان سے متاثر ہے اور یہی نہیں ان کے گھر میں سب کے نام شریف خاندان کے افراد کے ناموں پر ہی رکھے گئے ہیں۔نواز شریف نے میڈیا کو بتایا کہ جس دن نوازشریف وزیر اعظم بنے میری پیدائش بھی اُسی روز کی ہے اس لیے گھر والوں نے یہی نام رکھا، میں مسلم لیگ ن کا بہت پرانا ووٹر تھا مگر اب ہمارا پورا خاندان انتخابات میں عمران خان کو ووٹ دے گا۔خیال رہےکہ عام انتخابات میں 3 روز باقی ہیں، 25 جولائی کو ملک بھر میں عام انتخابات 2017ء کے لیے پولنگ ہو گی جس کے بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ سیاسی مبصرین کے مطابق عام انتخابات کے پیش نظر ملک کی تمام سیاسی جماعتیں فی الوقت اپنی اپنی انتخابی مہم میں مصروف ہیں ، عام انتخابات 2018ء میں پی ٹی آئی کا پلڑا بھاری دکھائی دے رہا ہے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی گرفتاری اور نواز شریف اور مریم نواز کی جیل میں موجودگی کی وجہ سے مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم پر اثر پڑا جس کے بعد مسلم لیگ ن کی انتخابی پوزیشن کمزور ہو گئی۔ عام انتخابات 2018ء میں مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصافکے مابین سخت مقابلہ دیکھنے میں آئے گا۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق تحریک انصاف کی ایک اور بڑی کامیابی، پیرآف گولڑہ شریف نے عمران خان کو عام انتخابات 2018 میں مکمل حمایت کی یقین دہانی کرادی،ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات کےموقع پر ہمارے پیروکار آپ کے ساتھ تعاون کریں گے،گولڑہ شریف کے سجادہ نشین پیر نظام الدین جامی کے اعلان نے سیاسی حلقوں کو حیران کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق عام انتخابات سے قبل پیرآف گولڑہ شریف پیر نظام الدین جامی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ناشتے پر مدعو کیا، اپنی رہائش گا پر ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات کے وقت ہمارے پیروکار آپ کے ساتھ تعاون کرینگے۔عمران خان نے ملاقات پر مدعو کرنے اور حمایت کرنے پر پیر آف گولڑہ شریف کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہناتھا کہ مسلم لیگ نے ہمیشہ مذہبی ووٹ لئے ہیں، راجہ ظفرالحق کی رپورٹ میں کوئی چیزچھپائی جا رہی ہے، عوام چاہتی ہے کہ راجہ ظفرالحق رپورٹ سامنے لائی جائے۔واضح رہے کہ پیر آف گولڑہ شریف کے ملک بھر میں لاکھوں عقیدت مند ہیں اور ملک کے سیاسی و مذہبی حلقوں میں درگاہ گولڑہ شریف کو انتہائی عقیدت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جا تا ہے ،پیر نظام الدین جامی کی جانب سے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کے اعلان کو سیاسی و مذہبی حلقوں میں انتہائی حیرت سے دیکھا جا رہا ہے ۔