سابق وزیر اعظم سرکاری ملازمین اور ریاستی وسائل کو اپنی سیاست کا ایندھن بنانے سے گریز کریں :رہنما تحریک انصاف
لاہور: تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ریلی نواز شریف کا حق ہے، لوگ جمع کرنے کیلئے قوم کا پیسہ اشتہارات پر لٹانا افسوسناک ہے، عدالتی فیصلے سے فرار کیلئے ہجوم اکٹھا کرنا خطرناک سیاسی حربہ ہے۔ تحریک انصاف کے شفقت محمود نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف جس بھی سڑک پہ جانا چاہیں انہیں پورا حق حاصل ہے، لیکن لوگ جمع کرنے کے لئے اشتہارات پرقوم کا پیسہ لٹانا انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف جس انداز سے چاہیں سیاست کریں مگر قوم کا پیسہ برباد نہ کریں، انہیں سرکاری ملازمین اور ریاستی وسائل کو اپنی سیاست کا ایندھن بنانے سے گریز کریں، سفر کرنا نواز شریف کا اپنا کام ہے، عدالتی فیصلے سے فرار کیلئے ہجوم اکٹھا کرنا خطرناک سیاسی حربہ ہے، نواز شریف کا یہ قدم جمہوریت کیلئے انتہائی مہلک ثابت ہوگا۔