بونیر: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف نے غداری کے الزامات پر قومی کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس نے ملک سے غداری کی اسے سرعام پھانسی دی جائے
بونیر میں جلسے سے خطاب میں سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ غداری کے معاملے پر قومی کمیشن بنایا جائے، قومی کمیشن فیصلہ کرے کہ غدار کون ہے اور جس نے ملک سے غداری کی اسے سرعام پھانسی دی جائے۔
سابق وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ اب ہم الٹی گنگا نہیں بہنے دیں گے۔ مجھ پر 5 ارب ڈالر بھارت منتقل کرنے کا الزام لگایا گیا۔ منی لانڈرنگ کے الزامات پر بھی قومی کمیشن بننا چاہیے۔ اس معاملے پر چیئرمین نیب کو طلب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام چیئرمین نیب کی معافی کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں، انھیں معافی مانگنا ہو گی۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ 2018ء مسلم لیگ (ن) کا سال ہو گا۔ عمران خان کا صوبہ اب بھی پرانا ہی چل رہا ہے۔ ہماری حکومت ہوتی تو مردان میں موٹروے پہنچی ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا لیکن عمران خان نے خیبر پختونخوا کےعوام سے دھوکا کیا۔ ہم نے کراچی میں بھی امن قائم کیا لیکن سندھ حکومت نے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اقتدار میں آ کر خیبر پختونخوا اور پشاور کو بہتر بنائیں گے۔