کراچی : وزیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ توانائی بحران کا واحد حل سندھ کے پاس ہے اگر سندھ اندھیرے میں رہا تو پوراملک اندھیرے میں ڈوبا رہے گا اور سندھ کے ساتھ ظلم ہوا تو خاموش نہیں بیٹھیں گے جب کہ نیب قائداعظم سولر پارک اور نندی پور پاور پروجیکٹس میں بدعنوانیوں کی تحقیقات کرے۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں سینئر صوبائی وزیر برائے اطلاعات و آبپاشی نثار احمد کھوڑو اور صوبائی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر سکندر میندھرو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے توانائی و خزانہ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ توانائی کے منصوبوں اور گیس کے استعمال کے حوالے سے وفاقی حکومت کے اقدامات آئین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
جب کہ نیب قائد اعظم سولر پارک اور نندی پور پاور پروجیکٹس میں بدعنوانیوں کی تحقیقات کرے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ونڈ اور سولر انرجی کے بجلی کے منصوبوں پر پابندی کا فیصلہ غیر آئینی ہے جسے حکومت سندھ مسترد کرتی ہے کیوں کہ سندھ سے نکلنے والی گیس پر پہلا حق صوبے کا ہے۔
جب کہ سندھ کی گیس کو صوبے سے باہر لے جانے کے اقدامات کو سپریم کورٹ سمیت نہ صرف ہر فورم پر چئلینج کرینگے بلکہ اسے روکنے کے لئے فزیکل مزاحمت بھی کرینگے جس کے تحت عوام کے ذریعے دباؤ ڈالا جائے گا۔