اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ 4 سال سے نوازشریف کو میری بات سمجھ نہیں آئی جب کہ اب نوازشریف نے عوام میں جانے کا فیصلہ کیا لیکن دیر کردی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 4 سال سے نوازشریف کو میری بات سمجھ نہیں آئی، اب نوازشریف نے عوام میں جانے کا فیصلہ کیا لیکن دیر کردی، کرسیاں ملتی ہیں تو سب کچھ بھول جاتے ہیں جب کہ نواز شریف کا حق ہے کہ وہ ریلی نکالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کو سیکورٹی رسک لینا پڑیں گے، قبل از وقت الیکشن کرانے کی ضرورت نہیں جب کہ تمام مسائل کا حل اب پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔ خورشید نے کہا کہ اسمبلی کی مدت 4 سال ہونی چاہیے جب کہ آرٹیکل 62، 63 میں تبدیلی کا ابھی وقت نہیں، یہ ضیاالحق کا قانون تھا ۔ ہم نے اپنی حکومت میں منتیں کی تھیں کہ آرٹیکل 62،63 ختم کردیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دوستوں نے ثبوت دینے کے بجائے ایسے بیان دیے جس نے دوریاں پیدا کیں جب کہ تحریک انصاف کے ساتھ کوئی معاملات نہیں، وہ اپوزیشن میں ہیں اور ہم بھی۔