ترجمان تحریک انصا ف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے عدالت کے 128 سوالوں میں سے کسی ایک کا بھی ڈھنگ سے جواب نہیں دیا، عدالت کچھ پوچھتی رہی میاں صاحب طوطا مینا کی وہی گھسی پٹی کہانیاں سناتے رہے،میاں صاحب پہلے ’سوال گندم جواب چنا‘ تو کرلیتے ہیں بعد میں رونا دھونا شروع کردیتے ہیں۔
فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف کا احتساب عدالت میں بیان انتہائی مایوس کن ہے، انکو چاہئے تھا کہ کم از کم دو بنیادی سوالات کا جواب عدالت کو دیتے،کم از کم بتاتے کہ بچوں کی سولہ کمپنیوں میں تین سو ارب روپیہ کہاں سے آیا۔ ایون فیلڈ جائیدادیں کس سرمائے سے خریدی گئیں،سنجیدگی سےعدالتی سوالات کےجواب دینے کی بجائے انہوں نے اپنا سیاسی بیانیہ دہرا دیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سیدھے صاف سوالات کے جواب میں اس شکوے کا کیا مقصد کہ فوج اور عدلیہ نے انکا ساتھ نہیں دیا۔بات تو وہی ہوئی کہ عدلیہ اور فوج نواز شریف کے احتساب میں کردار ادا نہ کرتے تو پھر سب بالکل ٹھیک ہوتا۔