اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف اور آصف زرداری نے اپنا آخری الیکشن لڑلیا،ان دونوں نے آخری دن تو جیل میں گزارنے ہیں۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ نوازشریف نے علاج کے لیے کروڑوں روپے سرکاری خزانے سے خرچ کیے،انہیں علاج کے لیے سرکاری خزانے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ وزیراعظم عمران خان کو ایک ایک روپے کی فکر ہوتی ہے کہ کہاں خرچ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے لیے اس وقت کوئی سیاسی چیلنج نہیں،پاکستان کی پہلے سیاسی قیادت بہت سطحی تھی جس سے ہر شعبے کو نقصان پہنچا۔ عمران خان کی بائیس سالہ سیاسی جدوجہد ہے، بھینسیں اور گاڑیاں فروخت کرنے پر تنقید کی گئی ، وزیراعظم نے کفایت شعاری مہم کا آغاز کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری حکومت کو گورننس اور معیشت کا چیلنج درپیش ہے ، ہمیں جو پاکستان ملا وہ معاشی طور پر کھوکھلا تھا، ایک ملک جہاں پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں، صحت و تعلیم کا مسئلہ ہے وہاں مہنگی اشیادرآمد کی جارہی ہیں، اشرافیہ تھوڑا غریبوں کا بھی خیال کریں، ٹیکس کلچر کو پروان چڑھانا ہوگا، اخراجات میں کمی سے قومی خزانے کو فائدہ ہوگا۔