لاہور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کراچی اور وزیر اعظم عمران خان اسلام آباد میں عید منائیں گے۔ گورنر پنجاب چو دھری سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار لاہور میں پیپلز پارٹی کے رہنما آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نواب شاہ میں عید منائیں گے۔ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ راولپنڈی میں، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ملتان میں، شیریں مزاری، اور سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کراچی میں، منظور وٹو اوکاڑہ وساوے والا میں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ملتان میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری جہلم، صوبائی وزیر میاں محمود الرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، خورشید محمود قصوری، اعجاز چودھری، علیم خان، سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ لاہور میں عید منائیں گے۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کوٹ لکھپت جیل میں، بیٹی مریم نواز اور حمزہ شہباز لاہور میں مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف لندن میں، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ لاہور میں جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان میں عید منائیں گے۔ سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی گجرات میں عیدالفطر منائیں گے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش آج دوپہر 3 بجکر 2 منٹ پر ہوگی اور یہ 4 جون کی شام کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔اس دوران ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع صاف اور کبھی جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے گزشتہ دنوں اگلے 5 سال کیلئے عید کی تاریخوں کااعلان کیا اوراپنا قمری کلینڈر لے کر میدان میں آگئے، جبکہ چاند دیکھنے سے متعلق ویب سائٹ بھی لانچ کردی۔فواد چوہدری نے موقف اختیار کیا تھا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے آسانی سے پتہ لگایا جاسکتا ہے کہ چاند کب دکھے گا۔وفاقی حکومت کی جانب سے پہلے ہی عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے، وزارت داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق عیدالفطر کی تعطیلات منگل 4 جون سے جمعہ 7 جون تک ہوں گی۔
دوسری جانب وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کا کہنا ہے کہ شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منگل 4 جون بمطابق 29 رمضان المبارک 1440 ھ کو کراچی میں ہوگا۔