مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق نواز شریف آج رات لندن سے وطن واپس پہنچیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کل تین نیب ریفرنسز کی سماعت کے لیے احتساب عدالت میں پیش ہوں گے جہاں ان پر اور شریک ملزمان مریم صفدر اورکیپٹن(ر)صفدر پر فرد جرم عائد کیئے جانے کا امکان ہے-
احتساب عدالت کی9اکتوبرکو ہونے والی سماعت پر نوازشریف کے وکیل نے سماعت 15دن کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے سماعت کے 12اکتوبر تک ملتوی کردی تھی-قانونی ماہرین کا کہنا ہے نوازشریف اگر احتساب عدالت میں پیشی کے لیے واپس نہ آئے تو ان کے بیٹوں حسن اور حسین نوازکی طرح انہیں بھی اشتہاری قرار دینے کی کاروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے-
خیال رہے کہ احتساب عدالت نے 9 اکتوبر کو سماعت کے دوران قومی احتساب بیورو کے تین ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم صفدر اور کیپٹن (ر)محمد صفدر پر فرد جرم کے لئے 13 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی جبکہ عدالت نے حسن اور حسین نواز کا مقدمہ الگ کردیا تھا۔
سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے ہیں جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہے۔نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن، حسین ، بیٹی مریم صفدر اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا ہے۔
العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف نیب ریفرنس کا سامنا کرنے کے لئے 2 مرتبہ 26ستمبر اور 2اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے تھے۔
سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اپنی اہلیہ کی تیمارداری کے سلسلے میں لندن میں ہی قیام پذیر ہیں۔نو منتخب رکن قومی اسمبلی بیگم کلثوم نواز علالت کے باعث علاج کے لیے برطانوی دارالحکومت لندن میں اپنے صاحبزادے کے گھر مقیم ہیں۔
بیگم کلثوم نواز کے گلے میں کینسر کی تشخیص ہونے کے بعد ان کے تین آپریشن ہو چکے ہیں اور اب ان کی کیمو تھراپی ہو رہی ہے۔