سابق وزیر اعظم نواز شریف دوسری بار احتساب عدالت میں پیش ہوگئے، نیب ریفرنسز میں دیگر ملزمان کی عدم موجودگی کے باعث نوازشریف کے خلاف فرد جرم موخر ہونے کا امکان ہے، نواز شریف کے ساتھی ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کے بعد سابق وزیراعظم پر فرد جرم عائد ہو گی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پرسیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ رکن قومی اسمبلی مائزہ حمید،راجہ ظفرالحق اور دانیال عزیز کو جوڈیشل کمپلیکس میں داخلے سے روک دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق میڈیا کے نمائندوں کو احتساب عدالت کے دروازے پر روک لیا گیا، جبکہ نیب ٹیم کو بھی عدالت داخلے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس کا موقف ہے کہ رینجرز کی ہدایت پر میڈیا کو عدالت میں جانے کی اجازت نہیں۔ رجسٹرار احتساب عدالت کے مطابق ہماری جانب سے میڈیا کے داخلے پر کوئی پابندی نہیں۔ میڈیا کو ایک بار پھر احتساب عدالت کے احاطے سے باہر نکال دیا گیا، جوڈیشل اکیڈمی کی سیکیورٹی رینجرز اہلکاروں نے سنبھال لی۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف ،ان کے بچوں حسن نواز، حسین نواز، مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف تین نیب ریفرنسوں کی سماعت آج احتساب عدالت میں ہو رہی ہے۔ عدالت نے نواز شریف کو ریفرنس کی نقول فراہم کر رکھی ہیں جبکہ فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کے لیے دیگر تمام ملزمان کو قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔ اسلام آباد کی احتساب کے جج محمد بشیر لندن فلیٹس، العزیزیہ اسٹیل ملز اور آف شور کمپنیوں سے متعلق تین نیب ریفرنسز کی سماعت کررہے ہیں۔
سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو 26ستمبر کی پیشی کے موقع پر ریفرنس کی نقول فراہم کی جاچکیں۔ اب فرد جرم عائد کرنے کے لیے انتظار ہے جبکہ دیگر ملزمان کی عدالت حاضری اور ریفرنس کی کاپیز فراہم کرنے کا دو مرتبہ عدالتی سمن جاری کیے جانے کے باوجود عدم حاضری پر ان ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
نواز شریف کے بچے اور داماد کل بھی پیش نہ ہوئے تو نیب ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کرے گا۔ نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن نواز، حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ کو ملزم ٹھہرایا گیا ہے جبکہ العزیزیہ سٹیل ملز جدہ اور 15آف شور کمپنیوں سے متعلق ، فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس میں نوازشریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔