اسلام آباد: نوازشریف اپنی مشکلات کا ملبہ جمہوریت پر نہ ڈالیں، بار بار کہا تھا پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں، جمہوریت بچانے کیلئے نوازشریف کو ایک بار بچا لیا: اپوزیشن لیڈر
سابق وزیراعظم نوازشریف کے آصف علی زرداری کے بیان پر پیپلزپارٹی کی قیادت کا بھی سخت ردعمل سامنے آگیا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا نوازشریف وہ دن یاد کریں جب زرداری سے ملاقات سے انکار کیا تھا، انہوں نے کس کو خوش کرنے کیلئے ملاقات نہیں کی؟، یہ مکافات عمل ہے۔ خورشید شاہ نے کہا اب نواز شریف مشکل میں ہیں، جمہوریت مشکل میں نہیں، میاں صاحب جمہوریت کو مشکل میں آنے سے بچائیں اور اپنے اداروں سے تصادم کے اقدام پر نظر ثانی کریں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف اپنی مشکلات کا ملبہ جمہوریت پر نہ ڈالیں، بار بار انہیں کہا تھا کہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں لیکن بات نہ سنی۔ انہوں نے کہا جمہوریت بچانے کیلئے پہلے نوازشریف کو ایک بار بچایا، اب نواز شریف کو کسی صورت نہیں بچائیں گے۔