لاہور: سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف کے دوست سرحد پار ہیں وہ گریٹر پنجاب بنانا چاہتے ہیں جب کہ کے پی کے میں سونامی ختم ہوگیا ہے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو میں آصف زرداری نے کہا کہ اب ہم پنجاب اور وفاق میں حکومت بنائیں گے اور ن لیگ کو اپوزیشن میں بیٹھنا پڑے گا، جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، نواز شریف کو خطرہ ہے۔ وفاق میں ان کا اپنا وزیراعظم ہے، پنجاب میں بھائی وزیراعلیٰ ہے بلوچستان میں حکومت ہے تو جمہوریت کو کیسے خطرہ ہے۔ مشرف کو میں ہی ہٹا سکتا تھا اور اسے ہٹایا ورنہ وہ دوبارہ مارشل لا لگانے والے تھے۔ سابق صدر نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر دس ہزار سے زائد لوگ نہیں تھے، نواز شریف ہمیشہ ووٹ کے ذریعے اقتدار میں نہیں آئے وہ پاور کے ذریعے آئے۔ چوہدری نثار نے صرف اشارہ کیا ہے کہ اگر کوئی اور بولے گا تو پھر وہ بھی بولیں گے۔ نواز شریف خود سائنٹسٹ ہیں ان کا نظریہ سمجھ میں نہیں آتا، ضیا کی گود میں پلنے والے آج نظریے کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ اور اپنی فوج کو مضبوط کیا، میاں صاحب نے کشمیر پر کبھی بات نہیں کی، یہ گریٹر پنجاب بنانا چاہتے ہیں۔
سابق صدر نے کہا کہ مودی میری دعوت پر تو کبھی پاکستان نہیں آئے، میں انھیں سیاستدان ماننے کے لیے تیار نہیں ہوں ہمارے گاندھی خاندان سے تین نسلوں پرانے تعلقات ہیں۔ علاوہ ازیں آصف زرداری سے رحمن ملک نے بلاول ہائوس میں ملاقات کی جس میں پارٹی امور پر مشاورت اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔