اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد ہوگا اور قوم دیکھے گی کہ بہت جلد نواز شریف بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ 16 سال کی عمر میں شناختی کارڈ نہیں بنتا لیکن وزیر اعظم کے بیٹے ارب پتی بن گئے، اپنے ارب پتی بننے پر وہ پاکستان کی یونیورسٹیوں میں طلبا کو لیکچر دیں اور وہ طریقے بتائیں جن پر عمل کرکے وہ اتنے امیر ہوگئے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاناما پیپرز پر سپریم کورٹ کا جوبھی فیصلہ آئے اس پر عمل درآمد کیا جائے۔ ہم سپریم کورٹ کا ہر فیصلہ تسلیم کریں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جےآئی ٹی پراس لیے اعتراض کیا جارہا ہے تاکہ وہ 60 دن میں اپنا کام مکمل نہ کرسکے، امید ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد ہوگا۔ قوم دیکھے گی کہ نواز شریف بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم کے صاحبزادے حسین نواز گزشتہ روز جوڈیشل اکیڈمی پہنچ کر جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے جہاں ان سے دو گھنٹے تک پوچھ گچھ ہوتی رہی لیکن وہ میڈیا سے بات کیے بغیر ہی واپس چلے گئے تھے اور جے آئی ٹی نے انہیں 30مئی کو دوبارہ طلب کیا ہے۔