سابق وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں اسلام آباد سے چلنے والی ریلی کا آج چوتھا اورآخری روز ہے اور اب ان کا قافلہ اپنی آخری منزل لاہور کی جانب گامزن ہونے کے لئے تیار ہوچکا ہے، گوجرانوالہ میں ایک رات قیام کے بعد نوازشریف کی قیادت میں ریلی براستہ کامونکے اور مریدکے لاہور پہنچے گی جہاں سابق وزیراعظم پہلے شاہدرہ چوک اور پھر داتا دربار کے باہر ریلی کے شرکا سے آخری خطاب کریں گے۔
لاہور میں داتا دربار تک پہنچے کا تاحال کوئی وقت متعین نہیں کیا گیا تاہم شہر کے تمام داخلی راستے سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کردیئے گئے اور سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیرخارجہ خواجہ آصف کی قیادت میں سیالکوٹ سے جانے والا قافلہ اور وفاقی وزیرقانون زاہد حامد کی قیادت میں پسرور سے روانہ ہونے والی ریلی کامونکی میں نوازشریف کا استقبال کرے گی اور ان کے ساتھ لاہور تک جائیں گے۔ مریدکے میں وزیرداخلہ احسن اقبال اور وزیردفاعی پیداوار رانا تنویر نوازشریف کا استقبال کریں گے، شہر کی مرکزی شاہراہ پر اسٹیج تیار کیا گیا ہے اور نوازشریف کا شرکا خطاب بھی متوقع ہے ، لاہور سے مریدکے میں داخلے کی مرکزی شاہراہ بند کردی گئی ہے اور مسافروں کو آبادیوں سے گزرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔