اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نوازشریف کا مقصد قومی اداروں کی ساکھ ختم کرنا ہے ان کے جارحانہ رویے سے ملک میں تباہی پیدا ہوگی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ قصور میں ہونے والا واقعہ درندگی کی انتہا اور حکومتِ پنجاب کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ ماضی کا تسلسل ہے، اگر رائیونڈ میں مور مرنے پر ایس پی کو معطل کیا جاسکتا ہے تو ننھی جان کی موت پر وزیراعلیٰ پنجاب خود مستعفیٰ کیوں نہیں ہوجاتے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ معصوم بچی کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جانی چاہئے اور اگر ملزمان گرفتار نہیں ہوتے تو پھر یہ حکومت کی بڑی ناکامی ہے۔ حکومت کا کام عوام کو تحفظ دینا ہوتا ہے لیکن مقتول بچی کے لواحقین کے احتجاج کو روکنے کے لئے فائرنگ کی گئی جس نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی یاد تازہ کردی جس کی مذمت کرتے ہیں۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ نوازشریف کی باتوں کی پیچھے ان کی سوچ اوردوست ہیں اور ان مقصد کچھ اور ہی ہوتا ہے، سابق وزیراعظم کا مقصد قومی اداروں کی کی ساکھ ختم کرنا ہے اگر نوازشریف کا یہی رویہ رہا تو ریاست کمزور اور ان کے جارحانہ رویئے سے ملک میں تباہی پیدا ہوگی۔