لاہور; پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما حمزہ شہباز کی زیر صدارت الیکشن مہم سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاست ، نواز شریف اور مریم نواز کے استقبال کی تیاریوں کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ۔ بدھ کے روز مسلم لیگ ( ن )
کے رہنما حمزہ شہباز کی زیر صدارت مسلم لیگ ( ن ) کے رہنمائوں کا الیکشن مہم سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں مسلم لیگ ( ن ) کی جاری مہم پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں حمزہ شہباز نے کارکنوں کو ہدایات کی ہیں کہ نواز شریف کے استقبال کے لئے خود بھی گھروں سے نکلیں اور اپنے کارکنوں کو بھی ہمراہ لائیں ۔ نواز شریف کا شایان شان تاریخی استقبال پوری دنیا دیکھے گی انہوں نے کہا کہ قوم کسی کو مینڈیٹ میں نقب لگانے کی اجازت نہیں دے گی۔دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز وطن واپسی کے لیے آج شام لندن سے روانہ ہوں گے۔سابق وزیراعظم کا بذریعہ ابوظہبی جمعہ کی شام سوا 6 بجے کے قریب پاکستان پہنچنے کا امکان ہے جب کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے انہیں لاہور ایئرپورٹ سے ہی گرفتار کرنے کے لیے 16 رکنی ٹیم بھی تشکیل دے دی۔دوسری جانب نواز شریف کا کہنا ہے کہ جیل کی کوٹھڑی اپنے سامنے دیکھ کر بھی پاکستان آرہا ہوں ، وہ بھی سن لیں جو دعویٰ کر رہے تھے کہ واپس نہیں آؤں گا اور 25 جولائی کا الیکشن سب سے بڑا ریفرنڈم
ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے دو ہیلی کاپٹرز کا انتظام کر لیا ہے، ایک ہیلی کاپٹر لاہور اور دوسرا اسلام آباد ایئرپورٹ پر کھڑا کیا جائے گا، کسی بھی ایئرپورٹ پر اترتے ہی نواز شریف اور مریم نواز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔خیال رہے احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مجموعی طور پر 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر کو ایک برس قید کی سزائیں سنائی تھیں۔واضح رہے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی جمعہ کو وطن واپسی کے موقع پر گرفتاری کیلئے 16 رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ذرائع کے مطابق اس ٹیم کی سربراہی ڈائریکٹر قومی احتساب بیورو (نیب) امجد علی اولکھ کریں گے، ٹیم میں نیب کے 9 افسران اور باقی پولیس افسران شامل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق یہ ٹیم نواز شریف اور مریم نواز کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرے گی، ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم تمام کارروائی کی نگرانی کریں گے۔ذرائع کے مطابق نیب آفس میں سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیب نے دو ہیلی کاپٹرز کا انتظام کر لیا ہے اور کابینہ ڈویژن نے دو ہیلی کاپٹرز جمعہ کے روز نیب کو مختص کر دیے ہیں۔