اسلام آباد ؛ بابر اعوان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے بعد باقی قیدیوں کو بھی گدے دئیے جائیں، جیل میں بھی نواز شریف کی فرمائشیں ختم نہیں ہوتی، میاں صاحب آپ قید میں ہیں، ٹرپ پر نہیں۔پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،
ایک ایسا شخص ہے جو اپنے بھائی سے بھی وفا نہ کرسکا، لاہور میں اورنگزیب اور دارا شکوہ کی کہانی دہرائی گئی۔ انہوں نے کہا دیگر سیاستدان بھی عمران خان اور اُن کی فیملی کیلئے غیر اخلاقی الفاظ استعمال کرتے رہے، گدھا معمولی لفظ ہے، استاد بھی کہہ دیتے ہیں۔بابر اعوان کا کہنا تھا نواز شریف جہاں جاتے ہیں بربادی کی داستان لیکر جاتے ہیں، جیل میں سب قیدیوں کیساتھ یکساں سلوک ہوتا ہے، جیل میں قیدی سیمینٹ کی کھولی میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا جیل میں اسپیشل کرسیاں بھجوائی جا رہی ہیں، ہم نہیں چاہتے جیل میں کسی سے بدسلوکی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہا جا رہا ہے مک مکا ہوگا، تحریک انصاف مکا نہیں کرے گی، تحریک انصاف اپنے ایجنڈے پر قائم ہے اور رہے گی۔ جبکہ دوسری جانب انتخابی مہم کے دوران نازیبا زبان استعمال کرنے کے الزام پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جگہ ان کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوگئے۔الیکشن کمیشن کا 4 رکنی بینچ عمران خان کے خلاف از خود نوٹس کی سماعت کررہا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں یا وکیل کے ذریعے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم عمران خان کی جگہ ان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوگئے۔سماعت شروع ہوئی تو الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ عبدالغفار سومرو نے وکیل عمران خان کو کہا کہ عمران خان نے بہت نازیبا زبان استعمال کی، آپ نے سنا تو ہوگا، آپ ساتھ ہی ہوتے ہیں جس پر بابر اعوان نے کہا کہ ،
جی ہاں میں نے سنا ہے، مزید کیا ہوا ہے آپ کی اجازت سے سناؤں۔اس موقع پر بابر اعوان نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ویڈیو کلپ کمرہ عدالت میں چلایا اور کہا کہ یہاں ایسے ایسے الفاظ بھی استعمال ہورہے ہیں، نکاح، شادی، گھر والوں کے بارے میں ایسے ایسے لفظ استعمال کیے گئے۔بابر اعوان نے کہا کہ طالبان خان اور اس سے بھی برے الفاظ استعمال ہو رہے ہیں، پی ٹی آئی یہ نہیں کہتی کہ نوٹس نہ دیں جس پر ممبر پنجاب الطاف ابراہیم نے کہا کہ ابھی اور بھی نوٹسز نکل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گدھا تو معمولی لفظ ہے، یہاں استاد بھی گدھا کہہ دیتے ہیں جس پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ استاد کی بات اور ہوتی ہے۔بابر اعوان نے کہا کہ ایک صوبے والا دوسرے صوبے کو کہے کہ ووٹ دینے والا بے غیرت ہے اس موقع پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ احتیاط کریں کہ آئندہ ایسا نہ ہو، آپ ایک یقین دہانی کرائیں کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا، انتخابی مہم بھی چل رہی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ آئندہ ایسا ہو۔ممبر خیبرپختونخوا ارشاد قیصر نے وکیل عمران خان کو کہا کہ ایسی زبان و لہجہ استعمال نہ ہو کہ نفرتیں اور اشتعال پھیلیں جس پر بابر اعوان نے عمران خان کی جانب سے تحریری یقین دہانی کی حامی بھرلی۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے نازیبا زبان استعمال کرنے کا نوٹس میڈیا میں آنے والی خبروں کی بنیاد پر لیا تھا۔مخالف سیاسی قائدین کی جانب سے عمران خان پر الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں کہ وہ اپنی انتخابی مہم کے دوران نازیبا زبان استعمال کرتے ہیں۔