سابق وزیر اعظم نواز شریف کی احتساب عدالت میں آج پیشی کےموقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند ہوگا۔
پولیس کےمطابق صرف سائلین کے وکلا اور کورٹ رپورٹرز کو عدالت میں داخلے کی اجازت ہو گی، مجاز اشخاص کی فہرستیں ناکوں اور جوڈیشل کمپلیکس پر تعینات اہلکاروں کو فراہم کر دی گئی۔ دوسری طرف پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی احتساب عدالت میں دوسری پیشی پر خصوصی سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے ۔ ایک ہزار کے قریب پولیس اہلکار تعینات ہونگے، جوڈیشل کمپلیکس کے گرد اور چھت پر پولیس اہلکار تعینات ہونگے۔جوڈیشل کمپلیکس کے قریب پولیس ناکہ ،تلاشی اور سرچنگ بھی ہوگی۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے بھی پیشی کے موقع پر ٹریفک پلان جاری کر دیا۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہری اس دوران کسی بھی مشکل سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا استعمال کریں۔ پیشی کے دوران کشمیر ہائی وے جی الیون سگنل سے سروس روڈ بند ہوگی، اسلام آباد چوک سے، جی ٹین، جی الیون جانے والے شہری کشمیر ہائی وے سے پراجیکٹ موڑ جاسکتے ہیں، جبکہ سروس روڈ ساؤتھ جی الیون ڈبل روڈ ترمزی چوک سے جی الیون سگنل بند ہوگی۔