لاہور(ویب ڈیسک) نیب نے پیرا گون ہاﺅسنگ کیس میں اہم پیش رفت حاصل کرتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کر لی .تفصیلات کے مطابق پیراگون ہاﺅسنگ سکیم کے ملزم قیصر امین بٹ نے چیئرمین نیب کو پلی بارگین کی درخواست دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تمام متاثرین کی رقم واپس کرنے کیلئے تیار ہیں۔ رپورٹ کے مطابق قیصر امین بٹ نے پیرا گون کیس کے متاثرین کو تمام رقوم کی واپسی کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شروع میں 33فیصد رقم ادا کرینگے جبکہ بقیہ رقم دو اقساط میں کلیئر کر دینگے ،قیصر امین بٹ کیخلاف پیرا گون ہاﺅسنگ سوسائٹی کے متاثرین نے درخواست دی تھی کہ انہوں نے رقم تو ادا کر دی ہے لیکن انہیں پلاٹ کا قبضہ نہیں دیا گیا ۔جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق پیرا گون ہاؤسنگ کیس میں گرفتار ملزم قیصر امین بٹ نے وعدہ معاف گواہ بننے کیلئے درخواست دے دی۔ترجمان نیب لاہور کے مطابق قیصر امین بٹ نے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست دی ہے جس کا قانون کے مطابق جائزہ لیاجارہا ہے۔ترجمان نے واضح کیا کہ قیصر امین بٹ کی جانب سے پلی بارگین کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔پیر اگون ہاؤسنگ کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کو 14 نومبر کو خیرپور سے گرفتار کرکے لاہور لایا گیا تھا۔نیب کی تین رکنی تحقیقاتی ٹیم پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ طور پر کی جانے والی کرپشن کی تحقیقات کر رہی ہے۔واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کیخلاف نیب میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات جاری ہیں جب کہ دونوں بھائیوں نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے۔