پیرس (نمائندہ خصوصی) مستحکم معیشت، سکیورٹی کی بہتر ہوتی صورتحال اور آزادانہ سرمایہ کاری کے باعث پاکستان بیرونی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار فرانس میں پاکستان کے سفیر جناب معین الحق نے فرانس کے شمال مغربی شہر تولوز جو کہ فرانس کا بڑا اہم تجارتی اور صنعتی مرکز ہے کے حالیہ دورے میں کیا۔ چیمبر آف کامرس و انڈسٹری کے صدر کے ساتھ تولوز میں اپنی ملاقات کے دوران سفیر پاکستان نے کہا کہ یہ فرانس کے سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں موجودہ موافق اقتصادی حالات سے فائدہ اٹھانے کا موزوں ترین وقت ہے۔
انہوں نے تولوز چیمبر آف کامرس کے اراکین کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور دو سو ملین لوگوں کی نفع بخش مارکیٹ کا فائدہ اٹھانے اور پاکستان کے نہری اور زرعی پیداوار کے شعبے کو بہتر بنانے کی کوششوں میں شمولیت کی دعوت دی۔
بعد میں سفیر پاکستان نے بیجوں، زرعی پیداوار، صاف پانی کی فراہمی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبوں میں خصوصی مہارت رکھنے والے تولوز کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ دورے کے دوران سفیر نے مئیر تولوز مسٹر مارک پیگشیغ اور تولوز کے پریفت مسٹر پاسکل میلہوس کے ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی وفود کے باہمی تبادلے کی ضرورت پر زور دیا۔
سفیر پاکستان نے فرانس کی خلائی ایجنسی (CNES) کا دورہ بھی کیا اور انہوں نے مواصلاتی نظام، ماحولیاتی تحفظ اور اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ بعد ازاں سفیر پاکستان نے ایئر بس ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں ان کا استقبال جناب برونوں دو پرادل، نائب صدر انٹرنیشنل آپریشن و پبلک افیئر نے کیا۔
انہوں نے سفیر پاکستان کوایئر بس اور ایئر بس کے مختلف پیداواری مراحل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ایئر بس پاکستان اور پاکستانی ایئر لائز کمپنیوں کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کی متمنی ہے۔ جناب سفیر نے تولوز میں پاکستانی کمیونیٹی سے بھی ملاقات کی۔