مظفر آباد: وادی نیلم کے مقام پر پہاڑی نالے کے اوپر بنایا گیا پل سیاحوں کے رش کے باعث ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 25 سے زائد افراد تیز رفتار نالے میں بہہ گئے، پولیس کی جانب سے ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پہاڑی نالے جاگراں کے اوپر بنے کنڈل شاہی پل پر کثیر تعداد میں سیاح موجود تھے، وزن زیادہ ہونے کے باعث پل ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 25 سے زائد سیاح نالے میں گر گئے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گرنے والوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے اور پانی کا بہاﺅ تیز ہونے کے باعث اکثر افراد بہہ گئے ہیں۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ نالہ بہت تیزاور ٹھنڈا ہے جس کے باعث ہلاکتوںکا بھی خدشہ ہے۔ واقعہ پیش آنے کے فوری بعد حکام کی جانب سے امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔ خیال رہے کہ گرمیاں آتے ہی کثیر تعداد میں سیاح ٹھنڈے علاقوں کا رخ کرتے ہیں، چونکہ ان دنوں مری بائیکاٹ مہم جاری ہے اس لیے بڑی تعداد میں سیاح کشمیر کا رخ کر رہے ہیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پل پر خواتین اور بچوں سمیت 25 سے زائد سیاح کھڑے تھےکہ اچانک پل ٹوٹ گیا اور پل پر موجود تمام لوگ نالے میں بہہ گئے۔ نالہ جاگراں بلندی سے نیچے اترنے والا انتہائی تیز رفتار نالہ ہے جس میں پانی بہت تیز رفتاری سے بہتا ہے لہٰذا گرنے والے سیاحوں کےبچنے کی امید بہت کم ہے۔ نالے میں ڈوبنے والے تین سیاحوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا خدشہ ہے جبکہ 6 افراد کو زندہ نکال لیا گیا۔