وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ امریکی اقدامات سے مسلم دنیا میں منفی پیغام گیا ہے، ہر داڑھی والے مرد اور حجاب والی عورت کو ممکنہ دہشت گرد نہیں سمجھنا چاہیے۔
نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ مغرب اور جنوبی ایشیا میں سیکورٹی کا تناظر اور ضروریات مختلف ہوسکتے ہیں، مسائل کے حل کی بنیادی کنجی ایک دوسرے سے بات چیت ہے ، جو مذاکرات نہیں کر سکتے انکا مقدمہ کمزور ہوتا ہے ۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے لئے لچک کا بھر پور مظاہرہ کیا ، ہمیں سیاست کو سیکورٹی کے ساتھ نہیں ملانا چاہیے ، جبکہ خطے میں سیاست اور سیکورٹی کو ملانے کا رحجان موجودہے ۔ چوہدری نثار نے کہا کہ آزادی کی تحریک کو دہشت گردی سے نہیں جوڑنا چاہیے عوام کے لئے دو مختلف طرح کے قوانین نہیں ہو سکتے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ اقدامات پرانہوںنے کہا کہ صدارتی حکم نامے سے مسلم دنیا میں منفی پیغام گیا ہے۔ سیکورٹی ایک ہمہ جہت معاملہ ہے، سیکورٹی کا مطلب یہ نہیں کہ سرحدیں بند کر دیں اور خود کو محفوظ سمجھیں۔