اسلام آباد(ایس ایم حسنین) وزارت خارجہ میں پاک برطانیہ اسلحہ کنٹرول، عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ سے متعلق باہمی مشاورت کا پانچواں مرحلہ منعقد ہوا،فریقین نے کثیرالجہتی شعبوں میں مزید ہم آہنگی بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل اسلحہ کنٹرول اور اسلحہ محمد کامران اختراور سامانتھا جاب ڈائریکٹر غیر ملکی دفاع و بین الاقوامی تحفظ، دولت مشترکہ اور ترقیاتی امور برطانیہ نے اپنے اپنے ملکوں کے وفد کی قیادت کی۔دونوں فریقین نے اسلحہ کنٹرول ، عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ سے متعلق معاملات پر خوشگوار اور تعمیری ماحول میں تبادلہ خیال کیا۔ عالمی اور علاقائی سلامتی اور استحکام سے متعلق امور بھی زیربحث آئے۔ فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین اسلحہ کنٹرول ، عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ سے متعلق مشاورت کے تسلسل کو سراہا۔پاکستان اور برطانیہ کے مابین مشاورت کا چھٹا دور اگلے سال منعقد کرنے پر اتفاق کیاگیا۔