سیالکوٹ : سیالکوٹ چپراڑ سیکٹر میں بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے شہید شہریوں کی تعداد چار ہوگئی۔
راولا کوٹ میں نیزہ پیر سیکٹر پر فائرنگ سے لڑکی شہید، پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ وسعت پسندانہ عزائم اور خطے میں چوہدراہٹ کے خواب دیکھنے والا جنگی جنون میں مبتلا ہندو بنیا ایک طرف مذاکرات کا ناٹک رچاتا ہے۔
تو دوسری جانب اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہیں آتا۔ بزدل بھارتی فورسز نے ایک بار پھر چپراڑ سیکٹر میں گاؤں صالح پور ، سہیل پور ، ملانے ، رنگ پور جٹاں ، بنوٹ ، ریسماں کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں غلام مصطفی ، راحت اور بوٹا شامل ہیں ۔ شہید ہونے والوں کا تعلق ملانا اور صالح پور دیہات سے ہے ، ادھر چپراڑ سیکٹر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے زخمی خاتون دم توڑ گئی جبکہ راولا کوٹ میں نیزہ پیر سیکٹر پر فائرنگ سے لڑکی شہید ہو گئی۔
مارٹر گولوں کی فائرنگ سے متعدد مویشی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ بھارتی فورسز کی بزدلانہ کارروائی کے نتیجے میں گاؤں ڈھول ملانے میں تین خواتین سمیت آٹھ افراد بھی شدید زخمی ہوئے۔
کبھی جاسوس طیارے اور کبھی اشتعال انگیز فائرنگ ، بغل میں چھری اور منہ سے رام رام کرنے والا عیار دشمن گزشتہ کئی دنوں سے لائن آف کنٹرول پر چھیڑ چھاڑ کر رہا ہے۔ وطن عزیز کی سرحدوں کے محافظ پنجاب رینجرز کے جوان بزدل دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں اور ہر حملے کا موثر جواب دے رہے ہیں۔