کراچی: عیدالفطرکے موقع پر ٹرینوں کے ذریعے کراچی سے اندرون ملک جانے والے شہریوں کو ٹرین کی ٹکٹیں بلیک میں فروخت کرنے اور ماموں بنانے کے لیے فراڈیے سرگرم ہوگئے۔ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے شہری عیدالفطر کے لیے ٹرین کی بکنگ کرانے سٹی اسٹیشن پہنچا جہاں اسے بکنگ آفس سے سیٹ نہ ہونے کا جواب ملنے پر ایک ادھیڑ عمر فراڈیے نے گھیرے میں لیا اور کہا کہ بکنگ وہ کرادے گا جب ضرورت مند راضی ہوگیا تو اس نے لاہورکیلیے ٹرین کی ٹکٹوں کے74ہزار روپے وصول کیے،اپنے جواں عمر ساتھی کو فون کرکے وہاں بلایا اور رقم اس کے حوالے کی کے ٹکٹیں کرا کرلاؤ نوجوان رقم اور ٹکٹ کراکے آنے والا کا موبائل فون نمبر لے کر وہاں سے چلا گیا۔کچھ دیر بعد اس نے فون کرکے بتایا کہ تمھاری ٹکٹیں ہوگئی ہیں اورکاؤنٹر نمبر10سے آکر ٹکٹیں وصول کرلو وہ شخص خوشی خوشی کاؤنٹر نمبر10پر پہنچا تو وہاں اسے وہ شخص نہیں ملا جس وہ فوری طور پر پلٹا اور دیکھا کہ وہ ادھیڑ عمر شخص جس نے ٹکٹ کرانے کے لیے پیسے لیے تھے وہ بھی غائب ہوگیا،کافی تلاش کرنے کے باوجود وہ دنوں اشخاص نہیں ملے جس پر وہ شخص رپورٹ درج کرانے سٹی ریلوے تھانے پہنچ گیا۔ایس پی ریلوے شہلا قریشی نے بتایا کہ ایک بزرگ عمران نے ملزمان کے خلاف فراڈ کا مقدمہ درج کرایا تھا جس پر پولیس نے موبائل فون نمبر سے دونوں ملزمان کوگرفتارکیا ہے،شہلا قریشی کا کہنا تھا کہ ملزمان سے وہ خود تفتیش کریںگی جس کے بعد پریس کانفرنس کرکے ملزمان کی گرفتاری ظاہرکریںگی۔
ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ ملزمان نے چند روز قبل کینٹ اسٹیشن پر بھی ایک شہری سے ٹکٹ کرانے کیلیے56ہزار روپے لیے تھے اور فرار ہوگئے تھے۔