نیلسن: نیلسن کا موسم پاکستان کی تیاریوں کا دشمن بن گیا، وارم اپ مقابلے کے دوسرے روز کا کھیل بھی ممکن نہ ہوسکا، مطلع صاف ہونے کی صورت میں اتوار کو ون ڈے میچ کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق کنڈیشز سے ہم آہنگی کیلیے قبل از وقت نیوزی لینڈ پہنچنے والی پاکستان ٹیم کے منصوبے مسلسل بارش نے ناکام بنائے ہیں، موسم کی بار بار مداخلت کے سبب صرف چند ٹریننگ سیشنز ہی کھلے آسمان تلے کرنے کا موقع ملا، توقع تھی کہ میزبان ’’اے‘‘ ٹیم کیخلاف وارم اپ میچ میں کھلاڑیوں کو ماحول سے مطابقت اور پہلے ٹیسٹ کی بھرپور تیاری کا موقع ملے گا لیکن ایک بھر بارش نے امیدوں پر پانی پھیر دیا، پہلے روز ٹاس کے بعد میزبان ٹیم کے اوپنرز جیت راول اور ڈین براؤن ویلی میدان میں اترنے کی تیاری کر رہے تھے کہ موسم خراب ہوگیا، کافی انتظار کے بعد طے ہوا کہ کھیل ممکن نہیں ہو سکے گا۔
ہفتے کو بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے پر لنچ کے وقت ہی فیصلہ ہوگیا کہ ماحول کرکٹ کیلیے سازگار نہیں رہا، 2 روز تک ایک گیند بھی نہ پھینکی جاسکی، اتوار کو بہترین کی صورت میں دونوں ٹیموں کے بیٹسمینوں اور بولرز کو پریکٹس کا موقع دینے کیلیے ون ڈے میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گراؤنڈ کی حالت بہتر ہونے پر ممکنہ وقت کا اندازہ کرتے ہوئے واورز کی تعداد کا تعن کرلیاجائے گا، موقع ملنے پر پاکستان اپنی ٹاپ آرڈر کی آزمائش پر خاص توجہ دے گا۔