پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ زندگی میں کبھی نہیں سنا کہ آدھے موٹر وے کا افتتاح ہوا ہو ، جب سے پاناما آیا نواز شریف صرف فیتے کاٹ رہےہیں۔محمد زبیر کو قابلیت پر نہیں ، شریف خاندان سے وفاداری پر گورنر کا عہدہ ملا ۔ سندھ کا کوئی والی وارث نہیں ، پہلے ایم کیو ایم قائد ڈان بنے ہوئے تھے ۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نےکراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاناما کیس کے بعد ہر چیف ایگزیکٹو کرپشن سے خوفزدہ رہے گا،عدالت میں جو حقائق سامنے آرہےہیں اسی سے پاکستان تبدیل ہوگا،امید ہے پیر سے سپریم کورٹ دوبارہ سماعت کرے گی ۔ پاناما کیس میرا نہیں ، 20کروڑ پاکستانیوں کا کیس ہے ، اقتدار میں آکر ذات کو فائدہ پہنچانے والوں کو خوف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں گندگی کے ڈھیر پہلے نہیں ہوا کرتے تھے، کراچی ایسا نہیں تھا جیسا آج ہے ، یہ روشنیوں کا شہر تھا۔کراچی کے مسائل کی وجہ بھی کرپشن ہے ۔ تبدیلی کےلیے کرپٹ اشرافیہ کو سزا دینا ہوگی ،ایسی نیب کو 100سال بھی چلائیں تو کرپشن بڑھے گی ۔ عمران خان نے کہا کہ کراچی میں40 فیصد لوگ سیوریج سے ملا پانی پیتے ہیں ، ہمارے بچےمنرل واٹر پیتے ہیں ، عام آدمی کتنا متاثر ہورہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں لوگوں کو جان کر نادرا کارڈ نہیں دیے جارہے۔یہ بنگالی ، پختون اور مہاجروں سمیت سب کا حق ہے ، نادرا کارڈ نہ ملا تو لوگ ووٹ نہیں دے سکیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قطر کے سفیر نے کہاہے کہ ان کا قطری شہزادے کے خط سے تعلق نہیں، قطری حکومت جانتی ہے کہ ان کی بدنامی ہورہی ہے ۔ن لیگ کہتی ہے نجی معاملہ ہے تو وزرا سپریم کورٹ کیوں آتے ہیں ، لوگوں کو سب پتہ ہے کہ قطری خط فراڈ ہے ۔شریف خاندان کا اصل منی ٹریل وہ ہے جو اسحاق ڈار نے تحریری اعتراف کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زندگی میں کبھی نہیں سنا کہ آدھے موٹر وے کا افتتاح ہوا ہو،جب سے پاناما آیا نواز شریف صرف فیتے کاٹ رہےہیں۔آپ حاتم طائی نہیں ، لوگوں کو کھیل اور صحت کی سہولیات دینا حق ہے۔حکومت اب تک اشتہارات پر 20ارب روپے خرچ کرچکی۔ترقی کا مطلب یہ نہیں کہ کرپشن پر چھوٹ نہیں دی جاسکتی ۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ محمد زبیر کو وزیر اعظم کا دفاع کرنے کے صلے میںگورنر سندھ کا عہدہ ملا، اسد عمر یہاں موجود ہیں اس لئے محمد زبیر کے بارے میں سخت بات نہیں کروں گا۔ عمران خان نے کہا کہ رانا ثنااللہ اور سعد رفیق عدالت کو دھمکیاں دے رہےہیں ، ن لیگ میں زیادہ تر لوگ نواز شریف کی کرپشن سے فائدہ اٹھا رہےہیں ، 60 فیصد فنڈ پنجا ب کا فنڈ لاہور پر لگادیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 90ارب لگانے کے بعد بھی لاڑکانہ سے بہتر موئن جو داڑو لگتا ہے ،سندھ کا کوئی والی و وارث نہیں ، پہلے الطاف حسین ڈان بنے ہوئے تھے ،آصف زرداری نہ واپس آتے ہیں نہ دلچسپی لیتےہیں ، جن کے پاس ملک کی ذمہ داریاں ہیں ان کا سب کچھ باہر لگا ہواہے ۔ ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ایم کیو ایم قائد کابھی احتساب ہوگا ہم انتظار کررہے ہیں۔