اسلام آباد(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی خاتون رہنما طاہرہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف بارہا کہہ چکے میں نے ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی۔کیا احتساب صرف مسلم لیگ ن کا ہی ہونا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نےمزید کہا کہ ایک ایسا کیس جو زیر سماعت ہے اس کے متعلق میڈیا پر آ کر بیانات دینا مناسب نہیں۔پتہ لگانا چاہیے کہ ڈی جی نیب لاہور نے کس کے ایماءپر میڈیا پر آ کر باتیں کیں۔موجودہ حکومت کو اپنی کارکردگی کا نہیں پتہ دوسروں پر الزام لگا کر اپنی کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔اگر صاف پانی کیس کے حوالے سے ثبوت ہیں تو شہباز شریف کو اس کیس میں پکڑیں آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم میں کیوں پکڑا۔میں ایک بات واضح کرتی چلوں ہم کوئی ڈیل یا این آر ارو نہیں چاہتے ہم کیسوں کے فیصلے چاہتے ہیں نہ کرپشن کی نہ ہمیں کوئی خوف ہے ۔نواز شریف اور مریم نواز ابھی تک کلثوم نواز کے انتقال کے صدمے سے باہر نہیں آئے اس لئے خاموش ہیں۔
نواز شریف اور مریم نواز قانون اور آئین کی بالادستی کے لئے پاکستان واپس آئے حالانکہ اس وقت مرحومہ کلثوم نواز کی طبیعت بہت خراب تھی۔ماہر قانون بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ قانون اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ ایسا کیس جو زیرسماعت ہو اس کیس کاتفتیشی افسر چینلز پر آ کر انٹرویوز دے ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا۔ اس پر نیب کے افسر کے خلاف کارروائی بھی ہو سکتی ہے۔نیب چیئرمین کو چاہئے جو بھی ہوا اس پر قانون کے مطابق ایکشن لیں تاکہ مستقبل میں کوئی اس قسم کا معاملہ نہ ہونے پائے۔