اسلام آباد (یس ڈیسک) الیکشن کمیشن کو نئے چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کے تقرر کا باقاعدہ طور پر نوٹی فکیشن موصول ہو گیا۔
جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا آئندہ 5 سال تک چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر تعینات رہیں گے جب کہ اس حوالے سے صدر ممنون حسین کی جانب سے تقررنامے پر گزشتہ روز دستخط کئےگئے تھے اور تمام تر آئینی امور طے پانے کے بعد حتمی نوٹی فکیشن الیکشن کمیشن کو موصول ہو گیا۔
واضح رہے کہ جسٹس (ر) سردار محمد رضا 10 فروری 1945 کو ایبٹ آباد کے گاؤں نملی میرا میں پیدا ہوئے اور انہوں نے ابتدائی تعلیم مقامی اسکول اور کالج سے حاصل کی جس کے بعد انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے اکنامکس کی ڈگری حاصل کی اور اسی یونیورسٹی سے 1967 میں ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔
سردار محمد رضا سپریم کورٹ میں اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں جب کہ وہ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بھی رہے ہیں۔