کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نیا مالی سال ترقی، روزگار، تعلیم اور اچھی صحت کا سال ہوگا.
کراچی میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں اجلاس ہوا، جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق امور پرغورکیا گیا۔ اجلاس کے دوران مراد علی شاہ نے کہا کہ نئے مالی سال کا بجٹ عوام کی امیدوں کے مطابق ہوگا جس میں ترقیاتی شعبے پرخاص توجہ ہوگی، نیا مالی سال ترقی، روزگار، تعلیم اور اچھی صحت کا سال ہوگا، حکومت کی کوشش ہوگی کہ اہم منصوبوں کو وقت میں مکمل کیا جائے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں تعلیم اورصحت کے شعبوں پربھی توجہ مرکوزکی جائے گی، توانائی کے بحران کی وجہ سے صنعتی ترقی میں مسائل ہیں، سندھ حکومت صنعتی ترقی کے لئے توانائی کے خاص پروگرام شروع کرے گی، نیا مالی سال کوئلہ، ہوا اور شمسی توانائی کا سال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لئے کچھ اہم منصوبے شروع کئے جائیں گے جب کہ کراچی کو ایک اور ترقیاتی پیکج دیں گے۔