اسلام آباد، لندن (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد چھت سے محروم شہریوں کو گھر دینے کا اعلان کیا اور اس ضمن میں اپنے دورحکومت میں پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ کیا جس کے لیے وزیراعظم کے دوست اوربرطانوی بزنس مین انیل مسرت نے بھی اپنی حمایت کااعلان کررکھاہے جبکہ تازہ اطلاع یہ ہے کہ برطانیہ نے بھی ہاﺅسنگ پراجیکٹ میں پاکستان کی مدد کا اعلان کردیاہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی ادارہ ترقی کی سربراہ نے کہاہے کہ وزیراعظم پاکستان کو بیورو کریٹک رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا ،وہ بلڈرز کو قرضوں کی فراہمی میں معاونت فراہم کرے گا اور آسان شرائط پر قرضے مل سکیں گے۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق کار انداز اور برطانوی ادارہ بین الاقوامی ترقی کے تعاون سے جاری کی گئی رپورٹ میں بھی تصدیق کی گئی کہ پاکستان میں ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد گھروں کی کمی ہے جس پر قابوپانے کے لیے حکومت کو کاوش کرنی چاہیے ۔ رپورٹس میں بتایاگیاہے کہ اگر نیا پاکستان ہاﺅسنگ پراجیکٹ سے سستے گھروں کو تعمیر کیا جائے تو ملکی معیشت کو بڑے پیمانے پر فائدہ ہو سکتا ہے۔ یادرہے کہ نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے میں پنجاب کے مزید 10 شہر شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جس کی رجسٹریشن کے لئے درخواستیں آئندہ سال کے اوائل میں طلب کی جائیں گی۔پنجاب میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت فیصل آباد میں منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کے لیے تکنیکی ٹیم نے سروے مکمل کرلیااور ابتدائی طورپر دو منزلہ گھربنائے جائیں گے۔بتایا گیا ہے کہ نئے 10شہروں میں لاہور، قصور، سیالکوٹ، جہلم، بہاولپور، لیہ، ملتان ، وہاڑی، رحیم یار خان اور گوجرانوالہ کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اس ضمن میں وفاقی ہاﺅسنگ ٹاسک فورس اور پنجاب حکومت نے ابتدائی تیار مکمل کر لی۔