اسلام آباد(یس اردو نیوز) سارک رکن ممالک کی آپس کی تجارت صرف 7 فیصد ہے جو یورپی یونین، آسیان اور نافتا سمیت دیگر علاقائی بلاکوں کی نسبت بہت کم ہے ۔سارک ممالک ایک دوسرے کے قدرتی وسائل کو بروئے کار لا کر بہتر معاشی ترقی حاصل کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نئے صدر افتخار علی ملک نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفد نے ان کو سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وفد نے آئی سی سی آئی کے سابق صدر زبیر احمد ملک کو بھی سارک چیمبر کا ایگزیکٹو ممبر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ وفد میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، نائب صدر سیف الرحمن خان، فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید، شیخ طارق صادق، میاں شوکت مسعود، محمد اعجاز عباسی، چوہدری وحید الدین، عاطف اکرام شیخ، شیخ عامر وحید، کریم عزیز ملک، ملک سہیل حسین، محمد نوید ملک، محمود احمد وڑائچ، محمد شکیل منیر، اشفاق چٹھہ اور دیگر شامل تھے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں انجم نثار، سارک چیمبر کے نائب صدر سینیٹر حاجی غلام علی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے افتخار علی ملک نے کہا کہ سارک چیمبر کے صدر کی حیثیت سے پاکستان کے سارک رکن ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بہتر فروغ دینا ان کی اولین ترجیح ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سارک خطے کی تاجر برادری کو قریب لانے کے لئے کام کریں گے تاکہ وہ آپس میں بزنس پارٹنرشپس اور تجارت کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ سارک رکن ممالک کی آپس کی تجارت صرف 7 فیصد ہے جو یورپی یونین، آسیان اور نافتا سمیت دیگر علاقائی بلاکوں کی نسبت بہت کم ہے۔ انہوں نے مبارکباد دینے پر آئی سی سی آئی کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ سارک خطے میں پاکستان کی تاجر برادری کے لئے کاروبار کے نئے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اسلام آباد میں سارک چیمبر کے ہیڈ کوارٹرز کی عمارت کو مکمل کرنے کی کوشش کریں گے تا کہ اس کو فنکشنل بنایا جا سکے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے افتخار علی ملک کو سارک چیمبر کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ بطور صدر سارک چیمبر وہ سارک ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے فعال کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ افتخار علی ملک ایک تجربہ کار بزنس لیڈر ہیں اور ان کا سارک چیمبر کا صدر منتخب ہو نا پاکستان کی معیشت کیلئے فائدہ مند نتائج کا باعث ہو گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افتخار علی ملک سارک ممالک کے نوجوان انٹرپرینیورز کے درمیان کاروباری روابط کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دیں جس سے سارک خطے کی آپس کی تجارت بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ زبیر احمد ملک سارک ممالک کے بارے میں وسیع معلومات رکھتے ہیں اور اس امید کا اظہار کیا کہ بطور ایگزیکٹو ممبر سارک چیمبر وہ پاکستان اور خطہ کی تاجر بردری کے مفادات کے فروغ کیلئے موثر کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سارک ممالک کے درمیان تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے خطے کی تجارت میں کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے لہذا افتخار علی ملک اس سلسلے میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سارک رکن ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت اور برآمدات کو بہتر کرنے کی کوششوں میں آئی سی سی آئی ان سے مکمل تعاون کرے گا۔ فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے اپنے خطاب میں کہا کہ افتخار علی ملک مختلف حیثیتوں سے پاکستان کی تاجر برادری کیلئے گرانقدر خدمات انجام دے چکے ہیں ان کا سارک چیمبر کا صدر منتخب ہونا خوش آئندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیپال پن بجلی پیدا کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے جبکہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کے پاس بھی وافر قدرتی وسائل موجود ہیں لہٰذا سارک چیمبر خطہ کے وسائل کو خطہ کی مجموعی ترقی کیلئے استعمال کرنے میں معاونت کا کردار اد اکرے تا کہ سارک ممالک غربت و افلاس کم کرکے اپنے عوام کا معیار زندگی بہتر کر سکیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ افتخار علی ملک سارک چیمبر کے پلیٹ فارم کو سارک ممالک کے درمیان تجارتی خلا کو کم کرنے اور خطے کی آپس کی تجارت کو بہتر کرنے کیلئے استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سارک ممالک ایک دوسرے کے قدرتی وسائل کو بروئے کار لا کر بہتر معاشی ترقی حاصل کر سکتے ہیں۔