مشہور زمانہ فلم سیریز سٹار وارز سلسلے کی تازہ ترین فلم سٹار وارز دا فورس اویکنز کا ورلڈ پریمیئر امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقد کیا گیا ، جس میں متعدد ستاروں نے شرکت کی ۔ لندن میں پریمیئر آج ہو گا ۔
لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز فلم کے پریمیئر کے موقعے پر 1977 میں ریلیز ہونے والی سٹار وارز کی پہلی فلم کے سٹارز ہیریسن فورڈ ، مارک ہیمل اور کیری فشر کے ساتھ ساتھ تازہ ترین فلم کے اداکار جان بویگا اور ڈیزی رڈلی نے بھی شرکت کی ۔ فلم کی کہانی اور اس سے متعلق تجزیوں کو آج کے دن تک خفیہ رکھا جا رہا ہے لیکن ٹوئٹر پر کچھ مبصرین نے مثبت مگر مختصر تجزیے چھوڑے ہیں ۔ ان کے مطابق نئی فلم 100 فیصد سٹار وارز کے قابل ہے ۔
فلم میں ادا کاروں کے ساتھ ساتھ روبوٹس اورسٹورم ٹروپرم بھی پریمیئر میں شامل تھے ۔ سٹار وارز دا فورس اویکنز میں ڈیزی رڈلی اہم کردار ادا کر رہی ہیں ۔ فلم کے پریمیئر میں شرکت کرنے کے لیے شدت سے انتظار کرنے والے شائقین نے اس کے مقام ٹی سی ایل چائنیز تھیئٹر کے باہر کئی روز سے خیمے لگائے ہوئے تھے ۔ تھیئٹر کے باہر حفاظتی انتظامات بھی بہت سخت کیے گئے تھے ۔ چائنیز تھیئٹر کے علاوہ شہر کے دیگر مقامات میں بھی فلم کی نمائش کی گئی ۔ پہلی فلم کا مشہورہین سولو کا کردار دوبارہ ادا کرنے والے سٹار ہیریسن فورڈ نے کہا: اب ہمیں سٹار وارز کی پہلی فلموں کی مقبولیت کے بعد ان سے وابستہ لوگوں کی امیدوں پر پورا اترنا ہو گا ۔ ریڈ کارپٹ پر سٹار وارز کے بانی جورج لوکس کو دا فورس اویکنز کے ڈائریکٹر اور شریک مصنف جے جے ابریمز کے ساتھ ہنستے مسکراتے ہوئے دیکھا گیا ۔ سٹار وارز سلسلے کی تازہ ترین فلم کے بارے میں جارج لوکس نے کہا کہ یہ فلم خاندانوں کے بارے میں ہے اور دکھاتی ہے کہ کیسے ایک نسل ان چیزوں کے ساتھ نمٹتی ہے جو پچھلی نسل چھوڑ کر جاتی ہے ۔ دا فورس اویکنز کا لندن میں پریمیئر بدھ یعنی آج کیا جائے گا ۔